جشن آزادی پر سول ایوارڈز کے لیے نامزد شخصیات

116

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی طرف سے 76ویں جشن آزادی پر سول ایوارڈز کے لیے نامزد شخصیات کے نام سامنے آگئے۔

صدر مملکت نے مختلف شعبہ ہائے زندگی میں نمایاں خدمات انجام دینے والی 696 ملکی اور غیر ملکی شخصیات کو سول ایوارڈز دینے کا اعلان کیا۔

سول ایوارڈز دینے کی تقریب 23 مارچ 2024ء کو ہوگی، نامزدگی فہرست میں سائنسدان، سیاستدان، شاعر، صحافی، اداکار، سرکاری افسران اور دیگر شعبہ ہائے زندگی کے افراد کے نام شامل ہیں۔

سول ایوارڈ کے نامزد شخصیات میں آئی بی اور پولیس کے انسداد دہشت گردی یونٹ کے افسران، سعودی وزیر دفاع، معاون وزیر دفاع، چینی نائب وزیراعظم اور سفارت کار بھی شامل ہیں۔

سول ایوارڈز دینے کی تقریب میں 7 شخصیات کو نشان امتیاز اور 2 غیر ملکی شخصیات شہزادہ خالد بن سلمان اور ہی لیفنگ کو ہلال پاکستان دیا جائے گا۔

اعلامیے کے مطابق 26 شخصیات کو ہلال امتیاز، 18 غیر ملکیوں کو ہلال قائداعظم اور مشتاق سکھیرا کو ہلال شجاعت جبکہ انجینئر طلال بن عبداللّٰہ العتبی کو ستارہ پاکستان سے نوازا جائے گا۔

سول ایوارڈز کی فہرست کے مطابق 20 شخصیات کو ستارہ شجاعت، 61 کو ستارہ امتیاز، 70 کو صدارتی ایوارڈ برائے حسن کارکردگی، 3 کو ستارہ قائداعظم، 4 کو ستارہ خدمت، 4 کو تمغہ خدمات، 25 کو تمغہ شجاعت جبکہ کچھ کو تمغہ امتیاز عطا کیا جائے گا۔

نشان امتیاز کےلیے نامزد شخصیات میں شاعر افتخار عارف، سابق ہاکی کپتان اصلاح الدین، سابق وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ، ن لیگی سینیٹر راجا ظفر الحق اور سابق گورنر اسٹیٹ بینک ڈاکٹر شمشاد اختر شامل ہیں۔

گلوکارہ شازیہ منظور، اداکار عجب گل، عدنان صدیقی، شیما کرمانی اور دیگر کو پرائڈ آف پرفارمنس دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

آرٹس کونسل پاکستان کراچی کے صدر احمد شاہ، چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر مختار احمد، معروف شاعر اور استاد انور مسعود، گلوکار راحت فتح علی اور اخوت فاؤنڈیشن کے ڈاکٹر امجد ثاقب کو ہلال امتیاز دیا جائے گا جبکہ فہد ہارون، فاخر محمود، ستیش آنند، بلال لاشاری کی خدمات پر انہیں ستارہ امتیاز دیا جائے گا۔

استاد رستم فتح علی خان اور چائلڈ پروٹیکشن بیورو کی سارہ احمد کو بچوں کے حقوق کے تحفظ کی خدمات پر تمغہ امتیاز دیا جائے گا۔

4 چینی سفارتکاروں لو ژاؤہوئی، ننگ جیژے، نونگ رونگ اور شازوکونگ کو ہلال قائداعظم دیا جائے گا جبکہ انور مسعود، سید طارق فاطمی، ڈاکٹر عادل نجم اور ٹریفک حادثے میں جاں بحق سابق وفاقی وزیر عبدالشکور کو ہلال امتیاز سے نوازا جائے گا۔

آئی بی کے 3 افسران طارق محمود، عامر نسیم، ماجد سلیم، آئی جی خیبرپختونخوا اختر حیات خان اور ڈی آئی جی کراچی مقدس حیدر کو ستارہ شجاعت دیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو، صحافی سلیم بخاری اور واصف ناگی، ڈی جی نیب وقار چوہان، مفتی منیب الرحمان، مرزا اختیار بیگ، کوہ پیما نائلہ کیانی کو ستارہ امتیاز سے نوازا جائے گا۔

صحافیوں میں سہیل وڑائچ، سلمان غنی کو صدارتی اعزاز برائے حسن کارکردگی جبکہ وقار ستی، فاروق عادل، فہد حسین کو تمغہ امتیاز دیا جائے گا۔ 

مزید خبریں

آپ کی راۓ