ریسکیو آپریشن مکمل

74

خیبر پختونخوا کے ضلع بٹگرام کی تحصیل الائی کی یو سی بٹنگی پاشتو میں چیئرلفٹ میں پھنسنے تمام 8 افراد کو بحفاظت ریسکیو کرلیا گیا۔

خیبر پختونخوا کے ضلع بٹگرام کی تحصیل الائی کی یوسی بٹنگی پاشتو میں چیئر لفٹ کی رسی ٹوٹنےسے لفٹ دو پہاڑوں کے بیچ صبح 7 بجے سے پھنسی ہوئی تھی جس میں اسکول جانے والے 6 بچے اور 2 اساتذہ پھنس گئے تھے۔

ان افراد کو بچانے کےلیے دن کی روشنی میں ایس ایس جی کی سلنگ ٹیم، پاکستان آرمی ایوی ایشن کے ہیلی کاپٹرز ریسکیو آپریشن کا آغاز کیا۔

آپریشن کےلیے ابتدائی کوششیں ناکام رہیں دو مرتبہ کی ناکامی کے بعد بلآخر اندھیرا ہونے سے کچھ دیر قبل ریسکیو ٹیموں کو کامیابی ملی۔

ریسکیو ٹیم نے ہوا میں معلق چیئر لفٹ سے ہیلی کاپٹر کی مدد سے دو بچوں کو ریسکیو کیا، تاہم اندھیرا ہوجانے کے بعد ہیلی کاپٹر سے ریسکیو آپریشن روک دیا گیا۔

علاوہ ازیں علاقے میں تیز ہوا کی وجہ سے بھی ہیلی کاپٹر سے آپریشن میں کافی مشکلات پیش آئیں۔ گزرتے وقت کے ساتھ کم روشنی نے بھی مشکلات بڑھائیں۔

جی او سی ایس ایس جی ریسکیو آپریشن کی نگرانی کے لیے جائے حادثہ پر پہنچے اور آرمی ریسکیو آپریشن کی براہ راست نگرانی کی۔

اندھیرا ہونے کے بعد دیگر طریقوں سے چیئرلفٹ میں پھنسے بچوں کو ریسکیو کرنے کا عمل شروع کیا گیا، جس میں مزید 3 بچوں کو ریسکیو کیا گیا۔

تاہم اب آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آپریشن مکمل کرلیا گیا ہے اور تمام افراد کو چیئرلفٹ سے بحفاظت ریسکیو کرلیا گیا ہے۔

ریسکیو آپریشن میں انتہائی احتیاط برتی گئی، رات کی تاریکی میں آپریشن جاری رکھنے کےلیے مختلف آپشنز پر بھی غور کیا گیا۔

پاک آرمی نے ریسکیو آپریشن رات ہونے کی صورت میں بھی جاری رکھنے کا فیصلہ کیا تھا۔

بتایا گیا تھا کہ اسی رسی پر ایک اور چھوٹی ڈولی کو بھیجا جائے گا اور اس کے ذریعے دیگر افراد کو ریسکیو کیا جائے گا۔

چھوٹی ڈولی سے ان افراد کے پاس کھانے پینے کی اشیا بھی بھیجی گئیں۔

مزید خبریں

آپ کی راۓ