فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس کی جانب سے اسرائیل پر زمین، سمندر اور فضا سے کیے گئے حملوں میں کم از کم 250 اسرائیلی ہلاک اور 1450 سے زائد زخمی ہوگئے جبکہ متعدد کو یرغمال بنا لیا گیا۔
حماس نے سینئر اسرائيلی کمانڈر میجر جنرل نمرود الونی سمیت کئی اسرائیلی فوجیوں کو یر غمال بنانے کا دعویٰ بھی کیا۔
حالیہ کشیدگی پر اسرائیل نے سلامتی کونسل کو خط لکھ دیا۔ اسرائیل کا کہنا ہے کہ غزہ سے کیے گئے حملوں کے خلاف کارروائی کریں گے۔
خط میں اسرائیل کا مزید کہنا ہے کہ شہریوں کے تحفظ کے لیے ہر ممکن کارروائی کریں گے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق ترک اور آسٹرین ایئرلائنز نے اسرائیل کیلئے پروازیں معطل کردیں، بھارتی ایئر لائن نے بھی اسرائیل کیلئے فضائی آپریشن روکنے کا فیصلہ کردیا۔
ایرانی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس کے اسرائیل پر حملے فلسطینیوں کے پُراعتماد ہونے کا مظہر ہیں۔
ترجمان ایرانی وزارت خارجہ ناصر کنعانی نے کہا کہ حماس کے حملے اسرائیل کے خلاف فلسطینیوں کے بڑھتے اعتماد کا ثبوت ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ حماس آپریشن میں سرپرائز اور دیگر مشترکہ طریقے استعمال کیے گئے۔