
جاتی امرا میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی واپسی سے مسلم لیگ (ن) کی لیول پلیئنگ فیلڈ واپس ہو رہی ہے، ہم تمام حلقوں سے اپنے امیدوار کھڑے کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں یقین ہے نواز شریف کو انصاف ملے گا۔ اس میں فیور کی بات نہیں، یہ حق اور انصاف کی بات ہے۔ ملک اور جمہوریت کو مضبوط کرنے کےلیے مکالمہ جاری رکھنا چاہیے۔ سیاستدان اپنے مسائل خود حل کرتے ہیں، مسلم لیگ (ن) اپنے مسائل خود حل کرتی ہے۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ قائد نواز شریف جلد چاروں صوبوں کا دورہ بھی کریں گے۔
ن لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو 2017 میں سازش کے ذریعے منصب سے جدا کیا گیا، پاکستان کے عوام کے دلوں سے انہیں وہ سازش جدا نہیں کر سکی۔ 2013 سے 2017 کے درمیان نواز شریف نے لوڈشیڈنگ اور دہشتگردی سے نجات دلائی تھی۔
انہوں نے کہا کہ جو ناانصافی نواز شریف کے ساتھ 18-2017 میں ہوئی تھی اب اس کا ازالہ ہونا چاہیے۔