
راولپنڈی/خاران — آئی ایس پی آر کے مطابق 15 جنوری 2026 کو بلوچستان کے ضلع خاران میں 15 سے 20 بھارتی حمایت یافتہ دہشتگردوں نے مختلف مقامات پر دہشتگردانہ کارروائیاں کیں۔ دہشتگردوں نے سٹی پولیس اسٹیشن، نیشنل بینک آف پاکستان اور حبیب بینک لمیٹڈ کو نشانہ بنایا، جس دوران بینکوں سے تقریباً 34 لاکھ روپے لوٹ لیے گئے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے فوری اور مؤثر ردعمل دیتے ہوئے دہشتگردوں کا تعاقب کیا۔ فائرنگ کے تبادلے کے بعد دہشتگرد پسپا ہو گئے جبکہ بعد ازاں مختلف کارروائیوں میں تین الگ الگ مقامات پر 12 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔
ترجمان کے مطابق دہشتگردوں کا سٹی پولیس اسٹیشن میں یرغمالی صورتحال پیدا کرنے کا منصوبہ بھی بروقت کارروائی کے ذریعے ناکام بنا دیا گیا۔ واقعے کے بعد علاقے میں کلیئرنس اور سرچ آپریشن جاری ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ دہشتگرد کو گرفتار یا ہلاک کیا جا سکے۔
آئی ایس پی آر نے واضح کیا ہے کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے قومی ایکشن پلان کے ’عزمِ استحکام‘ وژن کے تحت انسدادِ دہشتگردی کی کارروائیاں پوری شدت سے جاری رکھیں گے تاکہ ملک سے غیر ملکی حمایت یافتہ دہشتگردی کے خطرے کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔