
راولپنڈی: افواجِ پاکستان بدلتے جنگی تقاضوں سے ہم آہنگ ملٹی ڈومین آپریشنز کے لیے بھرپور تیاری میں مصروف ہے۔ اس حوالے سے مسلح افواج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر نے ایک ویڈیو جاری کی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملٹی ڈومین آپریشنز میں فضائی، زمینی، سائبر اور الیکٹرانک وار فیئر صلاحیتوں کو دشمن کے خلاف مربوط اور مشترکہ حکمتِ عملی کے تحت استعمال کیا جاتا ہے۔ فضائی برتری اور کثیرالمقاصد ڈرونز کے ہم آہنگ استعمال سے دشمن کی نقل و حرکت ناممکن بنا دی جاتی ہے، جبکہ دور مار کرنے والے ہتھیاروں کے مربوط استعمال سے دشمن کو مؤثر طور پر نشانہ بنایا جاتا ہے۔
ترجمان کے مطابق تباہ کن بمباری، سائبر اور انفارمیشن آپریشنز کے ذریعے دشمن کی فیصلہ سازی کی صلاحیت مفلوج کی جاتی ہے۔ یہ حکمتِ عملی مشترکہ جنگ کا بہترین نمونہ ہے، جس میں فضائی اور زمینی طاقت کے ذریعے دشمن کے دفاع کو تہس نہس کر دیا جاتا ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ افواجِ پاکستان کی مشقیں جدید ٹیکنالوجی، زبردست فائر پاور اور انتہائی درست نشانہ بندی کی صلاحیتوں کا مظہر ہیں، جو ملٹی ڈومین آپریشنز میں افواجِ پاکستان کی پیشہ ورانہ مہارت کو نمایاں کرتی ہیں