
افغانستان کے دارالحکومت کابل کے ایک انتہائی سیکیورٹی والے علاقے میں واقع ہوٹل میں قائم چینی انتظامیہ کے تحت چلنے والے ریسٹورنٹ میں زور دار دھماکا ہوا، جس کے نتیجے میں ایک چینی شہری اور 6 افغان شہری جاں بحق جبکہ ایک بچے سمیت متعدد افراد زخمی ہو گئے۔
پولیس ترجمان خالد زدران کے مطابق دھماکا پیر کے روز کابل کے تجارتی علاقے شہرِ نو (شہرِ ناو) میں پیش آیا، جہاں سرکاری دفاتر، شاپنگ کمپلیکسز اور سفارتی مشنز واقع ہیں۔ یہ علاقہ کابل کے محفوظ ترین علاقوں میں شمار کیا جاتا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے کے فوراً بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر ریسکیو کارروائیاں شروع کر دیں اور زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں جبکہ دھماکے کی نوعیت اور محرکات کا تعین کیا جا رہا ہے