
ابوظبی: متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان نے غزہ امن بورڈ میں شمولیت کی امریکی دعوت قبول کر لی ہے۔
اس حوالے سے ابوظبی سے اماراتی وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکا نے یو اے ای کے صدر کو غزہ امن بورڈ میں شامل ہونے کی باضابطہ دعوت دی تھی، جسے قبول کر لیا گیا ہے۔
اماراتی وزیر خارجہ شیخ عبد اللہ بن زاید کے مطابق یہ فیصلہ متحدہ عرب امارات کی مستقل خارجہ پالیسی کے عین مطابق ہے۔ انہوں نے کہا کہ یو اے ای کو صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی قیادت اور عالمی امن کے قیام کے لیے ان کے عزم پر مکمل اعتماد ہے۔
شیخ عبد اللہ بن زاید نے اس بات پر زور دیا کہ غزہ امن بورڈ میں شمولیت کا یہ فیصلہ غزہ کے حوالے سے صدر ڈونلڈ جے ٹرمپ کے 20 نکاتی امن منصوبے کے مکمل نفاذ کی اہمیت کو ظاہر کرتا ہے۔ ان کے مطابق یہ منصوبہ فلسطینی عوام کے جائز اور بنیادی حقوق کے حصول کے لیے نہایت اہم ہے۔
سیاسی مبصرین کے مطابق یو اے ای کی غزہ امن بورڈ میں شمولیت خطے میں امن کوششوں کے حوالے سے ایک اہم پیش رفت قرار دی جا رہی ہے، جس کے اثرات مشرقِ وسطیٰ کی سیاست پر بھی مرتب ہو سکتے ہیں۔