
لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 کے لیے 15 رکنی قومی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔ اس حوالے سے لاہور میں منعقدہ پریس کانفرنس میں عاقب جاوید، مائیک ہیسن اور سلمان علی آغا نے شرکت کی، جہاں ٹیم کے کھلاڑیوں کے ناموں کے ساتھ ساتھ کپتانی کے فیصلے سے بھی آگاہ کیا گیا۔
پی سی بی نے سلمان علی آغا کو قومی ٹی 20 ٹیم کا کپتان مقرر کرنے کا اعلان کیا ہے، جسے نوجوان اور تجربہ کار کھلاڑیوں کے امتزاج کے ساتھ متوازن اسکواڈ کی قیادت سونپی گئی ہے۔
نیشنل سلیکشن کمیٹی کے مطابق اسکواڈ میں فہیم اشرف، خواجہ محمد نافع، محمد سلمان مرزا، صاحبزادہ فرحان اور عثمان طارق کو شامل کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ابرار احمد، بابر اعظم، فخر زمان، محمد نواز، شاہین شاہ آفریدی، عثمان خان، صائم ایوب، شاداب خان اور نسیم شاہ بھی ٹیم کا حصہ ہوں گے۔
سلیکشن کمیٹی کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں کا انتخاب بیٹنگ، بولنگ، فیلڈنگ، حالیہ فارم اور فٹنس کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے تاکہ پاکستان عالمی مقابلے میں مضبوط اور مؤثر کارکردگی کا مظاہرہ کر سکے۔
ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 کے میچز 7 فروری سے 8 مارچ تک کھیلے جائیں گے، جبکہ پاکستان اپنی مہم کا آغاز 7 فروری کو نیدرلینڈز کے خلاف میچ سے کرے گا۔
پی سی بی کے مطابق نوجوان اور سینئر کھلاڑیوں کا متوازن امتزاج ٹیم کی طاقت بنے گا اور قومی ٹیم سے عالمی سطح پر شاندار کارکردگی کی امید کی جا رہی ہے