سال 2026 کی سستی گاڑیاں کونسی ہیں؟

5

سال 2026 کے آغاز کے ساتھ ہی پاکستان کی آٹو موبائل مارکیٹ میں نمایاں تبدیلیاں دیکھنے میں آ رہی ہیں۔ سوزوکی ویگن آر اور مشہور زمانہ “کیری ڈبہ” (بولان) کی باضابطہ بندش کے بعد کم بجٹ میں گاڑی خریدنے والے صارفین اب نئی جنریشن کی انٹری لیول گاڑیوں کی طرف تیزی سے راغب ہو رہے ہیں۔

ماہرین کے مطابق مہنگائی اور گاڑیوں کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے باوجود سوزوکی آلٹو بدستور پاکستان کی سب سے زیادہ فروخت ہونے والی گاڑی اور محفوظ سرمایہ کاری سمجھی جا رہی ہے۔ 660 سی سی انجن، بہترین فیول ایوریج اور مضبوط ری سیل ویلیو کی بدولت آلٹو متوسط طبقے کی پہلی ترجیح بنی ہوئی ہے۔ 2026 میں سوزوکی آلٹو کی قیمت 23.3 لاکھ سے 30.5 لاکھ روپے کے درمیان ہے۔

دوسری جانب سوزوکی ایوری نے باضابطہ طور پر بولان کی جگہ لے لی ہے۔ جدید EFI انجن، بہتر سسپنشن، مؤثر ایئر کنڈیشننگ اور اضافی سیفٹی فیچرز کے باعث یہ گاڑی بڑے خاندانوں اور کمرشل استعمال کے لیے تیزی سے مقبول ہو رہی ہے۔ وسیع کیبن کی وجہ سے سوزوکی ایوری اپنے سیگمنٹ میں نمایاں مقام رکھتی ہے، جبکہ اس کی قیمت 27.5 سے 28 لاکھ روپے کے درمیان بتائی جا رہی ہے۔

جاپانی امپورٹ گاڑیوں میں ڈائی ہاٹسو میرا اور نسان ڈیز صارفین کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہیں۔ ڈائی ہاٹسو میرا کم ایندھن خرچ، آرام دہ ڈرائیو اور جدید ٹیکنالوجی کی وجہ سے پسند کی جاتی ہے، تاہم اس کے اسپیئر پارٹس نسبتاً مہنگے ہیں۔ نسان ڈیز کو 660 سی سی کی گاڑیوں میں ایک لگژری آپشن تصور کیا جاتا ہے، لیکن زیادہ قیمت اور بلند مینٹیننس لاگت کے باعث یہ ہر بجٹ کے لیے موزوں نہیں۔

سوزوکی کلٹس اب بھی 1000 سی سی کی ایک مقبول ہیچ بیک ہے، تاہم 2026 میں اس کی قیمت 40 لاکھ روپے سے تجاوز کر جانے کے بعد یہ سستی گاڑیوں کی فہرست میں پیچھے چلی گئی ہے۔

استعمال شدہ گاڑیوں کی مارکیٹ میں ویگن آر اور ٹویوٹا وِٹس اب بھی دستیاب ہیں، جو کم بجٹ میں قدرے بڑی اور بہتر گاڑی کے خواہشمند افراد کے لیے مناسب انتخاب سمجھی جاتی ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ محفوظ سرمایہ کاری کے خواہاں افراد کے لیے سوزوکی آلٹو بہترین انتخاب ہے، زیادہ جگہ اور کمرشل استعمال کے لیے سوزوکی ایوری موزوں ہے، جبکہ آرام، سہولت اور جدید فیچرز کے شوقین افراد جاپانی امپورٹ گاڑیوں کو ترجیح دے سکتے ہیں

مزید خبریں

آپ کی راۓ