
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے ماحولیاتی تبدیلیوں سے محفوظ، کم کاربن اور توانائی کے لحاظ سے خودکفیل پاکستان کی تعمیر کے لیے حکومت کے پختہ عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت ملک میں الیکٹرک وہیکلز کے فروغ کے لیے مؤثر اقدامات کر رہی ہے۔
بین الاقوامی یومِ صاف توانائی کے موقع پر اپنے پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ حکومت کا ہدف ہے کہ 2030 تک ملک میں 30 فیصد گاڑیاں الیکٹرک وہیکلز پر منتقل کی جائیں تاکہ کاربن اخراج میں نمایاں کمی لائی جا سکے اور ایندھن پر انحصار کم ہو۔
صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ الیکٹرک وہیکلز صاف، سستی اور پائیدار توانائی کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتی ہیں اور یہ جامع ترقی، توانائی کے تحفظ اور ماحولیاتی تبدیلی کے عالمی چیلنج سے نمٹنے میں معاون ثابت ہوں گی۔
انہوں نے کہا کہ حکومتِ پاکستان نے الیکٹرک وہیکلز اور صاف توانائی سے وابستہ ٹیکنالوجیز کو اپنی ماحولیاتی اور ترقیاتی پالیسی کا مرکزی حصہ بنا دیا ہے۔ صدر مملکت نے واضح کیا کہ پاکستان اُن ممالک میں شامل ہے جو ماحولیاتی تبدیلی کے منفی اثرات سے سب سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں، اس لیے ماحول دوست ٹرانسپورٹ نظام ناگزیر ہو چکا ہے۔
صدر مملکت نے اس عزم کا اظہار کیا کہ الیکٹرک وہیکلز کے فروغ سے نہ صرف ماحولیاتی تحفظ ممکن ہوگا بلکہ توانائی میں خودکفالت، فضائی آلودگی میں کمی اور عوام کو بہتر سفری سہولیات بھی میسر آئیں گی۔