بلوچستان میں آپریشن ردالفتنہ ون مکمل 216دہشتگردہلاک

17

راولپنڈی: انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) نے بتایا ہےکہ سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں آپریشن ردالفتنہ-1 کامیابی سے مکمل کر لیا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پنجگور اور ہرنائی میں کیے گئے انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز کے دوران 216 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا، جبکہ بھارتی پراکسی نیٹ ورکس کو شدید دھچکا پہنچاتے ہوئے ان کی قیادت اور کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم کو مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ کے مطابق فتنہ الہندوستان کی جانب سے بلوچستان میں بدامنی پھیلانے کی تمام کوششیں خاک میں ملا دی گئیں۔ کارروائیوں کے دوران ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے غیر ملکی اسلحہ، دھماکا خیز مواد اور جدید آلات کا بڑا ذخیرہ برآمد ہوا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ دہشت گردوں کو بیرونی سہولت کاری اور لاجسٹک سپورٹ حاصل ہونے کے ٹھوس شواہد موجود ہیں۔ آپریشن کے دوران 36 معصوم شہری شہید ہوئے جبکہ مادرِ وطن کے دفاع میں 22 بہادر سیکیورٹی اہلکاروں نے جامِ شہادت نوش کیا۔

آئی ایس پی آر نے شہداء کی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم شہداء کے اہلِ خانہ کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔

دوسری جانب صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے آپریشن ردالفتنہ-1 کی کامیاب تکمیل پر سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ بروقت اور مؤثر کارروائی سے فتنہ الہندوستان کی مذموم سازش ناکام بنا دی گئی۔ صدرِ مملکت نے کہا کہ بیرونی پشت پناہی میں ہونے والی دہشت گردی کا مکمل خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے شہید شہریوں اور سیکیورٹی اہلکاروں کو خراجِ عقیدت اور اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار بھی کیا۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے بھی آپریشن کی کامیابی پر سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم اپنے شہداء کی قربانی کبھی فراموش نہیں کر سکتی۔ انہوں نے خواتین اور بچوں سمیت 36 شہریوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور 22 سیکیورٹی اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ دہشت گردوں نے شہریوں کو نشانہ بنا کر یہ ثابت کر دیا کہ وہ بلوچستان کی ترقی اور عوام کے دشمن ہیں، دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔

وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے بھی بلوچستان میں آپریشن کی تکمیل پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ فتنہ الہندوستان کے 216 دہشت گردوں کا انجام عبرتناک موت کی صورت میں نکلا۔ انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے اپنی پیشہ ورانہ مہارت سے بلوچستان میں بے امنی کی سازش ناکام بنا دی۔ محسن نقوی نے کہا کہ شہداء ہمارا فخر ہیں اور ان کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

مزید خبریں

آپ کی راۓ