
وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اعلان کیا ہے کہ بسنت کے موقع پر عوام کی مفت آمد و رفت کے لیے تین دن کے دوران مجموعی طور پر 419 بسیں میسر ہوں گی۔ وزیرِ اعلیٰ نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ بائیک اور موٹر سائیکل کے بجائے ہر روٹ پر مفت بسوں کو ترجیح دیں تاکہ حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔
مریم نواز نے کہا کہ لاہور میں 25 سال بعد تین روزہ بسنت میلے کا انعقاد کیا گیا ہے اور آج شہر میں پتنگیں نہیں بلکہ خوشیاں اُڑ رہی ہیں۔ انہوں نے شہریوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بسنت کی خوشیوں میں حصہ لیں اور پریشانیاں بھلا کر نیلے آسمان کی جانب اُڑتی ہوئی پتنگوں پر توجہ مرکوز کریں۔
وزیرِ اعلیٰ نے واضح کیا کہ پتنگ بازی کے دوران دھاتی تار اور چرخی کا استعمال غیر قانونی ہے اور بائیک یا موٹر سائیکل رکشوں پر سیفٹی راڈ کا استعمال لازمی ہوگا۔ شہری میٹرو بس، فیڈر بسیں اور گرین بسیں مفت استعمال کر سکیں گے جبکہ آئن لائن نجی کمپنی کے رکشے بھی رائیڈ فری دستیاب ہوں گے۔
انہوں نے بتایا کہ لاہور کے سول ایوی ایشن ایریاز میں پتنگ بازی کی اجازت نہیں دی جائے گی اور دکانداروں سے اپیل کی کہ وہ بچوں کو مہنگی ڈور اور پتنگیں نہ بیچیں بلکہ خوشی کے لمحوں میں سب کو شریک کریں۔
وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے آخر میں کہا کہ بسنت کے موقع پر عوام کی حفاظت کے لیے ہر ممکن اقدام کیا گیا ہے اور کھلی چھت پر حفاظتی انتظامات کے بغیر پتنگ بازی کی اجازت نہیں ہوگی