
اسلام آباد: بچوں کے تحفظ سے متعلق اقوام متحدہ کی تنظیم یونائیٹڈ نیشنز انٹرنیشنل چلڈرنز ایمرجنسی فنڈ (یونیسف) نے اسلام آباد کی مسجد میں ہونے والے خودکش حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
یونیسف کے مطابق اسلام آباد کی مسجد پر ہونے والے خودکش حملے میں جاں بحق ہونے والے 33 افراد میں 6 بچے بھی شامل تھے، جو اس سانحے کو مزید المناک بنا دیتا ہے۔
یونیسف نے اپنے بیان میں کہا کہ کسی بھی صورت میں بچوں کو ہدف نہیں بنایا جانا چاہیے اور بچوں کو ہر حال میں تشدد اور دہشت گردی سے تحفظ فراہم کرنا عالمی ذمہ داری ہے۔ تنظیم نے مسجد میں شہید ہونے والے افراد کے لواحقین اور متاثرہ کمیونٹی سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔
ادھر نوبیل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی نے بھی اسلام آباد کی مسجد میں ہونے والے دہشت گرد حملے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ ملالہ یوسفزئی نے حملے کی سخت مذمت کرتے ہوئے اسے ایک خوفناک اور بزدلانہ جرم قرار دیا۔
ملالہ یوسفزئی کا کہنا تھا کہ عبادت گاہوں اور معصوم شہریوں، خصوصاً بچوں کو نشانہ بنانا انسانیت کے خلاف جرم ہے اور ایسے واقعات کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جا سکتا۔
واضح رہے کہ اسلام آباد کی مسجد میں ہونے والے خودکش حملے نے پورے ملک کو سوگ میں مبتلا کر دیا ہے اور واقعے کے بعد سیکیورٹی کے انتظامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں