
سعودی وزارتِ دفاع نے اعلان کیا ہے کہ اسلامی جمہوریہ پاکستان کی ایک عسکری فضائی قوت مشترکہ دفاعی اسٹریٹجک معاہدے کے تحت کنگ عبدالعزیز ایئر بیس پہنچ گئی ہے۔
سعودی وزارتِ دفاع کے مطابق یہ ایئربیس مملکت کے مشرقی سیکٹر میں واقع ہے اور پاکستانی فضائی دستے کی یہ تعیناتی دونوں برادر ممالک کے درمیان طے شدہ دفاعی تعاون کا حصہ ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی دستہ لڑاکا اور معاون طیاروں پر مشتمل ہے جو پاک فضائیہ سے تعلق رکھتے ہیں۔ اس تعیناتی کا مقصد دونوں ممالک کی مسلح افواج کے درمیان عسکری ہم آہنگی کو مزید مضبوط بنانا، آپریشنل تیاری کی سطح بلند کرنا اور دفاعی اشتراک کو وسعت دینا ہے۔
سعودی وزارت دفاع نے مزید کہا کہ یہ اقدام علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر امن و استحکام کے فروغ کی مشترکہ کوششوں کا حصہ ہے اور دونوں برادر ممالک کے درمیان گہرے دفاعی تعلقات کا مظہر ہے۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب خطے میں بدلتی ہوئی سکیورٹی صورتحال کے باعث دفاعی تعاون اور عسکری رابطوں کو مزید اہمیت دی جا رہی ہے۔