
واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے وائٹ ہاؤس میں ملاقات کی درخواست کی ہے، جس کے بعد دونوں رہنماؤں کے درمیان آئندہ ہفتے ترکیہ میں نیٹو سربراہی اجلاس سے واپسی پر ملاقات متوقع ہے۔
امریکی اخبار ایکسیوئس کو دیے گئے انٹرویو میں صدر ٹرمپ نے نیتن یاہو کے ساتھ اپنے تعلقات کو خوشگوار قرار دیتے ہوئے کہا، “ہمارے تعلقات بہت اچھے ہیں، وہ جانتے ہیں کہ اصل باس کون ہے۔”
دوسری جانب نیتن یاہو کے دفتر نے بھی جمعہ کو ہونے والی ٹیلی فونک گفتگو اور جلد ملاقات پر اتفاق کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں رہنما باہمی دلچسپی کے امور اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کریں گے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل ایران کے معاملے پر صدر ٹرمپ اور وزیراعظم نیتن یاہو کے درمیان اختلافات کی اطلاعات بھی سامنے آچکی ہیں، تاہم مجوزہ ملاقات کو دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطحی رابطوں کا اہم مرحلہ قرار دیا جا رہا ہے