آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ جب تک ہم متحد رہیں گے دنیا کی کوئی طاقت پاکستان کو نقصان نہیں پہنچا سکتی۔ دنیا جانتی ہے پاکستانی قوم اور مسلح افواج کا عزم ناقابل تسخیر ہے۔ وطن عزیز کی حرمت اور دفاع ہمارے لیے مقدم ہے۔
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے یوم دفاع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ارض پاک کے خلاف کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے مسلح افواج پرُ عزم اور مستعد ہیں۔
آرمی چیف کا کہنا تھا کہ ڈیجیٹل دہشتگردی اور ففتھ جنریشن وار نئے چیلنجز کے طور پر سامنے آ رہے ہیں۔ ہم اپنے تمام پڑوسیوں کے ساتھ خوشگوار تعلقات چاہتے ہیں، ہمارے پرامن اور محفوظ پاکستان کے عزم کو کوئی کمزور نہیں کر سکتا
انہوں نے کہا کہ پاک فوج کا نصب العین ایمان، تقویٰ اور جہاد فی سبیل اللہ نہ صرف ہمارا طرہ امتیاز ہے بلکہ دشمنوں کے عزائم سے نمٹنے کے لئے ہمارا سب سے بڑا ہتھیار بھی ہے۔ ملک دشمن عناصر اور غیر ملکی اداروں کے اشتراک نے ڈیجیٹل دہشتگردی کو مزید پیچیدہ اور خطرناک بنا دیا ہے۔
جنرل سید عاصم منیر نے مزید کہا کہ ملی یکجہتی کے ساتھ پرعزم رہتے ہوئے ہم ڈیجیٹل دہشتگردی کے خطرے کا بھی بخوبی مقابلہ کر رہے ہیں۔ وطن عزیز کی سلامتی و ترقی اور خوشحالی کے عزم کے ساتھ اس عہد کی تجدید کریں کہ ہم متحد رہیں گے۔ اختلافات کو بھلاکر مثالی یکجہتی اور ہم آہنگی کا مظاہرہ کریں گے۔
آرمی چیف نے کہا کہ پاک فوج دفاع وطن کے لیے پرعزم اور پیشہ وارانہ صلاحیتوں سے لیس ہے۔ ہمارا ہر افسر اور سپاہی جذبہ ستمبر کو دل میں بسائے ہوئے پاکستان کی سلامتی اور تحفظ کا فرض نبھا رہا ہے۔
دہشتگردی کے عفریت کو جس بہادری اور جوانمردی سے ہماری افواج نے قابو کیا ہے، وہ کامیابی کسی اور ملک کی فوج کو نہیں مل سکی۔
59ویں یوم دفاع و شہدا کے موقع پر چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، مسلح افواج کے سربراہان اور افواج پاکستان 1965 کی جنگ کی فاتحانہ وراثت کو فخریہ انداز میں یاد کرتے ہیں جو قوم کے ناقابل تسخیر عزم اور غیر متزلزل جذبے کا مظہر ہے۔
آئی ایس پی آر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ دن ہمارے بہادر فوجیوں کی بہادری، قربانی اور بہادری کو خراج عقیدت کے طور پر کام کرتا ہے، جنہوں نے زبردست مشکلات کے خلاف بہادری سے مادر وطن کا دفاع کیا۔