آر پی او سے صدر بہاولپور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی وفد کے ہمراہ ملاقات

8

بہاولپور(محمدسکندراعظم )بہاولپور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ایک وفد نے صدر چیمبر سید ظفر شریف کی قیادت میں نئے تعینات ہونے والے ریجنل پولیس آفیسر بہاولپور رینج غازی محمد صلاح الدین سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ وفد میں بہاولپور چیمبر کے نائب صدرمحمد اعظم قریشی، اراکین ایگزیکٹو کمیٹی،سابق صدور چوہدری عبدالجبار،چوہدری عبدالستار،مبشر حسین اور سیکرٹری جنرل چیمبر سید عبیر حیدر موجود تھے۔ ملاقات کا بنیادی مقصد نئے تعینات ہونے والے آر پی او کو مبارک باد پیش کرنا اور باہمی تعارف تھا۔ آر پی او بہاولپور نے بہاولپور چیمبر کے وفدکو آمد پر خوش آمدید کہا۔ گفتگو کے دوران انہوں نے کہا کہ ہماری یہ ہمیشہ سے کوشش رہی ہے کہ عوام الناس کے ساتھ ساتھ صنعتی و تاجر برادری کے کاروبار اور ان کی جان و مال کو بھر پور تحفظ دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سیف سٹی پروجیکٹ کے تحت جرائم میں خاطر خواہ کمی واقع ہوئی ہے اور محکمہ پولیس بھی اپنی خدمات احسن طریقے سے سر انجام دے رہا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ کسی بھی علاقے کی تجارتی و معاشی ترقی میں صنعتکار اور تاجر اپنا اہم کردار ادا کرتے ہیں۔انہوں نے بہاولپور چیمبر کے وفد کا ان کے دفتر آمد اور تعیناتی پر خوش آمدید کہنے پر شکریہ بھی ادا کیا۔ صدر چیمبر نے انہیں بہاولپور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں وزٹ کی دعوت دی جس پر انہوں نے کہا کہ وہ بہت جلد بہاولپور چیمبر کا وزٹ کریں گے۔

مزید خبریں

آپ کی راۓ