
صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو ٹیلیفون کرکے کراچی کے گل پلازا میں لگنے والی آگ کی تازہ صورتحال سے آگاہی حاصل کی۔
صدر مملکت نے امدادی و ریسکیو کارروائیوں کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کرتے ہوئے آتشزدگی کے دوران شہید ہونے والے فائر فائٹر فرقان شوکت کی شجاعت کو خراجِ تحسین پیش کیا اور انہیں سول ایوارڈ کے لیے نامزد کرنے کی ہدایت کی۔ صدر نے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی اور متاثرہ خاندانوں کے گھروں کی بحالی کے لیے فوری اقدامات کرنے پر بھی زور دیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے سانحہ گل پلازا پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت اس مشکل گھڑی میں متاثرین اور سندھ حکومت کے ساتھ کھڑی ہے اور ہر ممکن معاونت فراہم کی جائے گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ گنجان آباد شہری علاقوں میں آتشزدگی جیسے واقعات پر بروقت قابو پانے کے لیے مربوط اور مؤثر نظام کی اشد ضرورت ہے، ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے وفاق صوبائی حکومت کے ساتھ مل کر جامع اور مربوط نظام کی تشکیل میں مکمل تعاون کرے گا۔
دوسری جانب فائر بریگیڈ حکام کے مطابق فائر فائٹرز 24 گھنٹے بعد گل پلازا کی عمارت میں داخل ہونے میں کامیاب ہوئے تاہم تاحال آگ پر مکمل طور پر قابو نہیں پایا جا سکا، ریسکیو اور کولنگ کا عمل جاری ہے