
پاکستان ٹی 20 ورلڈ کپ 2026ء میں شرکت کرے گا یا نہیں؟ اس حوالے سے صورتحال تاحال غیر یقینی ہے، اگرچہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے میگا ایونٹ کے لیے قومی ٹیم کا اعلان کر دیا ہے، تاہم حتمی فیصلے پر سوالیہ نشان برقرار ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیرِ اعظم پاکستان شہباز شریف اور چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کے درمیان آج متوقع ملاقات میں ٹی 20 ورلڈ کپ میں شرکت یا عدم شرکت سے متعلق اہم مشاورت کی جائے گی۔ ملاقات میں آئی سی سی کے حالیہ فیصلوں اور بنگلادیش کو ایونٹ سے باہر کیے جانے کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر تفصیلی غور متوقع ہے۔
اسی تناظر میں پی سی بی نے میگا کرکٹ ایونٹ میں شرکت کے معاملے پر نائب وزیرِ اعظم اور وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار سے بھی مشاورت کا فیصلہ کیا ہے۔ وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس معاملے پر مشاورتی عمل جاری ہے اور جو بھی فیصلہ ہو گا، قوم کو بروقت آگاہ کر دیا جائے گا۔
ادھر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے قومی ٹیم کے کھلاڑیوں سے ملاقات کی، جس میں انہیں آئی سی سی کے فیصلے کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال سے آگاہ کیا گیا اور اعتماد میں لیا گیا۔ پی سی بی حکام کا کہنا ہے کہ قومی مفاد، سیکیورٹی اور کرکٹ کے وسیع تر مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان کی ٹی 20 ورلڈ کپ 2026ء میں شرکت سے متعلق حتمی اعلان آئندہ چند روز میں متوقع ہے