
ایران کے راستے ایک اور مغربی موسمی سسٹم بلوچستان میں داخل ہو گیا ہے جس کے باعث صوبے کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔ چمن شہر اور گردونواح میں موسلادھار بارش کے نتیجے میں نشیبی علاقے زیرِ آب آ گئے ہیں جبکہ معمولاتِ زندگی متاثر ہوئے ہیں۔
وادی کوئٹہ اور اس کے مضافات میں ہلکی برفباری ریکارڈ کی گئی ہے، اسی طرح زیارت اور قلات میں بھی برفباری سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے۔ مستونگ، نوشکی اور خاران میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق یہ مغربی موسمی سسٹم منگل تک ملک کے مختلف حصوں پر اثر انداز رہے گا، جس کے دوران بلوچستان، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر، خیبر پختونخوا، اسلام آباد، مری اور گلیات میں بارش جبکہ پہاڑی علاقوں میں برفباری کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے مزید بتایا ہے کہ لاہور اور ملتان سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں بھی وقفے وقفے سے بارش متوقع ہے، جس سے موسم خوشگوار مگر سرد ہو جائے گا۔
انتظامیہ کو ممکنہ صورتحال کے پیشِ نظر الرٹ رہنے اور شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے