
لاہور: پنجاب حکومت نے صوبے بھر کے سرکاری اسپتالوں میں سیکیورٹی کو مؤثر بنانے کے لیے اہم فیصلہ کرتے ہوئے اسپتالوں کے سی سی ٹی وی کیمروں کو سیف سٹی اتھارٹی سے منسلک کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
جاری کیے گئے مراسلے کے مطابق اسپتالوں کی ایمرجنسی اور او پی ڈی میں نصب سی سی ٹی وی کیمرے سیف سٹی اتھارٹی کے مرکزی کنٹرول روم سے منسلک کیے جائیں گے تاکہ سیکیورٹی صورتحال کی براہِ راست نگرانی ممکن ہو سکے۔
مراسلے میں تمام متعلقہ اسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سیف سٹی اتھارٹی کی ٹیموں کو مکمل تعاون اور ضروری سہولتیں فراہم کریں۔ مزید کہا گیا ہے کہ جہاں کیمروں کی کمی یا تکنیکی ضرورت محسوس ہو، وہاں نئے سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب بھی عمل میں لائی جائے گی۔
مراسلے کے مطابق لاہور میں تمام متعلقہ اداروں اور حکام کو اس فیصلے پر فوری عمل درآمد کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے، جبکہ آئندہ مرحلے میں اس اقدام کو صوبے کے دیگر شہروں تک بھی توسیع دیے جانے کا امکان ہے۔