صدر زرداری کیطرف سے قازقستان کے صدر کو نشان پاکستان سے نوازا گیا

2

اسلام آباد: صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے قازقستان کے صدر قاسم جومارت توکایووف کو دوطرفہ تعلقات کے فروغ اور خطے میں تعاون کے اعتراف میں نشانِ پاکستان سے نوازا۔

ایوانِ صدر میں ہونے والی ملاقات کے دوران صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ علاقائی چیلنجز کا مقابلہ محاذ آرائی کے بجائے تعاون کے ذریعے کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان پائیدار ترقی کے مشترکہ اہداف کے حصول کے لیے قازقستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کو تیار ہے۔

صدر مملکت نے سیاسی، اقتصادی اور علاقائی شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے پختہ عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور قازقستان کے تعلقات باہمی اعتماد، مشترکہ اقدار اور علاقائی خوشحالی کے مشترکہ وژن پر مبنی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حالیہ برسوں میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت میں اضافہ ہوا ہے اور تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے علاقائی روابط نہایت اہم ہیں۔

صدر آصف علی زرداری نے امن، مذاکرات اور بین الاقوامی قوانین کے احترام کے لیے پاکستان کے عزم کو دہراتے ہوئے جنوبی ایشیا اور وسیع تر خطے میں استحکام کے فروغ کے لیے اجتماعی کوششوں پر زور دیا۔

اس موقع پر قازقستان کے صدر قاسم جومارت توکایووف نے کہا کہ قازقستان پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو بے حد اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے اقتصادی تعاون کو وسعت دینے اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا

مزید خبریں

آپ کی راۓ