
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورس، نے بدھ کے روز کوئٹہ کا دورہ کیا، جہاں انہیں بلوچستان میں مجموعی سیکیورٹی صورتحال اور جاری اندرونی سیکیورٹی آپریشنز پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
بریفنگ میں حالیہ دہشت گرد حملوں، ان کے پس پردہ بھارتی حمایت یافتہ اور بین الاقوامی طور پر نامزد دہشت گرد تنظیم فتنہ الہندوستان کے کردار، اور سیکیورٹی فورسز کے بروقت، مؤثر اور جارحانہ ردِعمل سے آگاہ کیا گیا۔ بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ سیکیورٹی فورسز کی مؤثر کارروائیوں کے باعث بلوچستان میں امن، استحکام اور ترقی کو سبوتاژ کرنے کی تمام کوششیں ناکام بنا دی گئی ہیں۔
اس موقع پر ریاستی رِٹ کو مزید مضبوط بنانے، عوام اور اہم تنصیبات کے تحفظ کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے واضح الفاظ میں کہا کہ کسی بھی دہشت گرد یا اس کے سہولت کار کو کسی صورت نہیں بخشا جائے گا اور قانون کے مطابق بلا امتیاز سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کسی بھی جواز کے تحت تشدد اور دہشت گردی کو قبول نہیں کیا جا سکتا۔
آرمی چیف نے تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران اور جوانوں کی پیشہ ورانہ صلاحیت، بہادری اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے ملک دشمن عناصر کے ناپاک عزائم ناکام بنانے پر ان کی خدمات کو سراہا۔
بعد ازاں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے وزیراعلیٰ بلوچستان کے ہمراہ کمبائنڈ ملٹری اسپتال کوئٹہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے پاک فوج، فرنٹیئر کور بلوچستان اور پولیس کے زخمی اہلکاروں سے ملاقات کی۔ آرمی چیف نے زخمی جوانوں کے بلند حوصلے، جرات اور مادرِ وطن کے دفاع کے لیے ان کی لازوال قربانیوں کو سراہا۔
قبل ازیں کوئٹہ پہنچنے پر کمانڈر کوئٹہ کور نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا استقبال کیا