اسلام آباد میں خودکش حملہ آور کی شناخت ہوگئی

22

اسلام آباد میں مسجد پر خودکش حملہ کرنے والے دہشتگرد کی شناخت ہو گئی ہے، جبکہ پولیس نے حملہ آور کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے پشاور میں اس کے گھر پر چھاپہ مارا، جہاں سے خودکش بمبار کے دو بھائیوں اور ایک خاتون کو گرفتار کر لیا گیا۔

تفتیشی ذرائع کے مطابق خودکش حملہ آور کا شناختی کارڈ دھماکے کی جگہ سے برآمد ہوا، جس پر درج نام کے مطابق حملہ آور کی شناخت یاسر کے نام سے ہوئی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ خودکش بمبار گزشتہ پانچ ماہ سے افغانستان میں مقیم تھا، جہاں اس نے اسلحہ چلانے اور خودکش حملوں کی باقاعدہ تربیت حاصل کی۔

سکیورٹی اداروں نے حملہ آور کے ممکنہ نیٹ ورک اور سہولت کاروں کی تلاش کے لیے پشاور اور نوشہرہ میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے، جبکہ واقعے کے تمام پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔

دوسری جانب پولیس حکام کا کہنا ہے کہ حملے سے متعلق مزید اہم شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں اور گرفتار افراد سے تفتیش کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ اسلام آباد کے علاقے ترلائی میں واقع امام بارگاہ و مسجد خدیجۃ الکبریٰ میں نمازِ جمعہ کے دوران خودکش دھماکے کے نتیجے میں 32 افراد شہید جبکہ 150 سے زائد زخمی ہو گئے تھے۔

پمز (PIMS) اسپتال کے ذرائع کے مطابق دھماکے کے بعد اسپتال میں 105 زخمیوں اور 28 میتوں کو لایا گیا، جن میں سے 27 میتیں ورثاء کے حوالے کر دی گئی ہیں۔

مزید خبریں

آپ کی راۓ