
اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما زاہد خان نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کو آج دی گئی احتجاجی کال سے سبق حاصل کرنا چاہیے کیونکہ عوام نے اس کال کو یکسر مسترد کر دیا ہے۔
اپنے ایک بیان میں زاہد خان نے کہا کہ اب پی ٹی آئی کے پاس دو ہی راستے بچے ہیں، یا تو گھروں میں بیٹھ جائے یا پھر مذاکرات کی راہ اپنائے۔ ان کا کہنا تھا کہ احتجاج، پہیہ جام اور شٹر ڈاؤن کی کال مکمل طور پر ناکام ثابت ہوئی ہے۔
ن لیگی رہنما نے دعویٰ کیا کہ خیبر پختونخوا، جہاں تحریک انصاف کی حکومت ہے، وہاں بھی نہ تو کسی نے گاڑیاں روکیں اور نہ ہی دکانیں بند ہوئیں، جو عوامی ردعمل کا واضح ثبوت ہے۔
زاہد خان کا کہنا تھا کہ آج کی کال میں صوبے کے عوام کی عدم شرکت پی ٹی آئی کے لیے ایک بڑا سوالیہ نشان ہے، جبکہ ملک بھر میں معمولاتِ زندگی معمول کے مطابق جاری رہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عوام نے پی ٹی آئی کے موقف کو مسترد کر کے واضح پیغام دے دیا ہے کہ سیاسی مسائل کا حل انتشار نہیں بلکہ مذاکرات ہیں۔