
شہباز شریف اور اردوان کی ملاقات، تنازعات کے حل کے لیے مذاکرات ہی پائیدار راستہ قرار
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ تنازعات کے حل، بین الاقوامی امن و سلامتی کے تحفظ کے لیے سفارت کاری، مذاکرات اور باہمی احترام ہی واحد پائیدار راستہ ہیں۔
ترک صدر رجب طیب اردوان سے ملاقات کے بعد جاری اپنے بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی گفتگو میں پاکستان اور ترکیہ کی اسٹریٹجک شراکت داری کے تمام اہم پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
وزیراعظم کے مطابق ملاقات میں پاک۔ترکیہ تجارت، سرمایہ کاری، دفاعی تعاون اور توانائی کے شعبوں پر خصوصی توجہ دی گئی، جبکہ کنیکٹیوٹی، ٹیکنالوجی، علاقائی امن اور عوامی روابط کے فروغ پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ دونوں ممالک نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ علاقائی اور عالمی تنازعات کے حل کے لیے سفارت کاری اور مذاکرات ہی مؤثر اور دیرپا راستہ ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان اور ترکیہ نے دوطرفہ تجارت کا حجم 5 ارب امریکی ڈالر تک بڑھانے کے مشترکہ ہدف پر پیش رفت جاری رکھنے اور دونوں برادر ممالک کے تاریخی تعلقات کو مزید مضبوط بنا کر نئی بلندیوں تک لے جانے پر بھی اتفاق کیا