
اسلام آباد: صدر آصف علی زرداری نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو پاکستان کے سرکاری دورے کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے عوام صدر ٹرمپ کی جلد از جلد اسلام آباد آمد اور ان کی میزبانی کے منتظر ہیں۔
صدر زرداری نے اپنے بیان میں کہا کہ صدر ٹرمپ کا دورۂ پاکستان دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا اور یہ پاکستان کے لیے باعثِ اعزاز ہوگا۔
ادھر وزیراعظم شہباز شریف نے امریکا کے 250 ویں یومِ آزادی کے موقع پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور امریکی عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پائیدار جمہوری اقدار کے اس اہم موقع پر امریکا کے ساتھ اپنی نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان سات دہائیوں سے زائد عرصے پر محیط شراکت داری قائم ہے، جسے باہمی احترام، تعاون اور مشترکہ مفادات کی بنیاد پر مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا جاتا ہے