کرکٹر کو دبئی سے ڈی پورٹ کر دیا گیا

849

کرکٹر محمد آصف کا متحدہ عرب امارات (یواے ای) میں لیگ کھیلنے کا ارمان پورا نہ ہوسکا، فاسٹ بولر کو دبئی ایئرپورٹ سے ہی پاکستان واپس روانہ کردیا گیا۔

محمد آصف نے ڈی پورٹ ہونے کی تصدیق کی ہے، ان کا کہنا ہے کہ انہیں دبئی جانے کے لیے اسپیشل ویزہ درکار تھا اور منتظمین نے ان کا نام کلیئر کرا کر انہیں ویزہ دلایا تھا۔

محمد آصف کے مطابق ‘جب وہ دبئی پہنچے تو ان سے وزارت خارجہ کا لیٹر مانگا گیا، جو کہ ابوظہبی سے ملنا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ ‘میری کلیئرنس ہونے کے بعد مجھے ویزہ ملا تھا لیکن لیٹر نہ ہونے کی وجہ سے مجھے متحدہ عرب امارات میں داخل ہونے کی اجازت نہیں مل سکی۔

قومی ٹیم کے سابق فاسٹ بولر محمد آصف 10 سال قبل پرس میں منشیات رکھنے کے جرم میں دبئی ایئرپورٹ پر گرفتار ہوئے تھے جہاں سے بڑی منت سماجت کے بعد انہیں رہائی ملی۔ تاہم انہوں نے سبق نہیں سیکھا اور اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل 2010 میں ملوث پائے گئے جس پر 5 سال کیلئے انہیں ہر سطح کی کرکٹ سے دور کردیا گیا ۔

سزا کی مدت پوری ہونے پر اب وہ واپڈا کی نمائندگی کررہے ہیں۔

گزشتہ دنوں انہوں نے یو اے ای میں لیگ میں شرکت کے حوالے سے لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس بھی کی لیکن اب بھی ماضی نے ان کا پیچھا نہیں چھوڑا اور دبئی ایئرپورٹ سے انہیں واپس بھجوا دیا گیا ہے۔

مزید خبریں

آپ کی راۓ