حملوں کے پیچھے بھارت اسے دوبارہ شکست ملے گی: محسن نقوی

34

کوئٹہ:

وفاقی وزیر داخلہ سینیٹر محسن نقوی نے بلوچستان میں ہونے والے حالیہ دہشت گرد حملوں کے پیچھے بھارت کے ملوث ہونے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ دشمن کی ہر سازش کو پہلے کی طرح اس بار بھی ناکام بنایا جائے گا۔

سی ایم ایچ کوئٹہ میں زخمیوں کی عیادت کے بعد وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کے ہمراہ ویڈیو پیغام میں وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ بھارت نے بلوچستان میں دہشت گرد حملوں کی منصوبہ بندی کی، تاہم سیکیورٹی فورسز نے بروقت اور بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کو انجام تک پہنچایا۔

وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا کہ آپریشن مکمل ہو چکا ہے جبکہ تفصیلات جلد سامنے لائی جائیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ آرمی، ایف سی اور دیگر سیکیورٹی اداروں نے بہادری سے دہشت گردوں کا مقابلہ کیا اور کوئی بھی دہشت گرد بچ کر واپس نہیں جا سکا۔

سرفراز بگٹی نے واضح کیا کہ ایسے حملے ہمارے حوصلے اور عزم کو کمزور نہیں کر سکتے، حتیٰ کہ اس نوعیت کے دس حملے بھی ریاست کے حوصلے کو پست نہیں کر سکتے۔ انہوں نے شہدا اور غازیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہدا کے خاندانوں کے حوصلے بلند ہیں جو پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے وزیراعلیٰ بلوچستان کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ سرفراز بگٹی نہایت بہادر لیڈر ہیں جو مشکل حالات میں اپنی فورسز کے ساتھ ڈٹ کر کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کو چن چن کر مارا گیا اور حملوں میں ملوث کسی دہشت گرد کو نہیں چھوڑا جائے گا۔

محسن نقوی نے کہا کہ دنیا کو یہ جاننا ضروری ہے کہ ان حملوں کے پیچھے بھارت ہے۔ ان کے مطابق دہشت گردوں اور ان کے ماسٹر مائنڈز کے خلاف شواہد موجود ہیں اور جہاں سے یہ عناصر آپریٹ کر رہے ہیں وہاں تک ریاست پہنچے گی۔

وفاقی وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ اگر ہمارے پاس چند اور سرفراز بگٹی جیسے لوگ ہوں تو ملک سے دہشت گردی دنوں میں ختم ہو سکتی ہے

مزید خبریں

آپ کی راۓ