
وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے پاکستان پر پراکسی جنگ مسلط کی گئی ہے اور نئی دہلی بلوچستان میں سرگرم دہشت گردوں کو مکمل فنڈنگ فراہم کر رہا ہے۔
نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز نے مؤثر کارروائیاں کرتے ہوئے 150 سے زائد دہشت گردوں کو ہلاک کیا ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ بھارت صوبے میں دہشت گرد عناصر کی سرپرستی کر رہا ہے۔
وزیر دفاع نے کہا کہ بلوچستان کا رقبہ وسیع اور آبادی کم ہے، جس کا فائدہ دہشت گرد اٹھاتے ہیں، تاہم ہماری افواج کئی برسوں سے بہادری کے ساتھ دہشت گردی کا مقابلہ کر رہی ہیں۔
خواجہ آصف نے مزید کہا کہ بھارتی دہشت گرد کلبھوشن یادیو کو بھی بلوچستان سے گرفتار کیا گیا تھا، جو بھارت کی مداخلت کا واضح ثبوت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا بھی دہشت گردوں کے نشانے پر ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ خیبر پختونخوا کے حکمرانوں کو قومی بیانیے کی بھرپور حمایت کرنی چاہیے اور صوبائی حکومت کو فوج اور وفاقی اداروں کے ساتھ کھل کر کھڑا ہونا ہوگا۔ وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ دہشت گرد جس زبان کو سمجھتے ہیں، انہیں اسی زبان میں جواب دیا جائے گا