
اسلام آباد/ پشاور
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے نیشنل پریس کلب (NPC) اسلام آباد کے سالانہ انتخابات 2026-27 میں کامیاب ہونے والے تمام نو منتخب عہدیداران کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔
اپنے پیغام میں گورنر فیصل کریم کنڈی نے نو منتخب صدر عبدالرزاق سیال، سیکرٹری ڈاکٹر فرقان راؤ اور دیگر تمام کامیاب عہدیداروں کو کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے اسے صحافی برادری کے اعتماد کی مظہر قرار دیا ہے۔
گورنر نے نیشنل پریس کلب کے انتخابات کے شفاف اور پرامن انعقاد کو سراہتے ہوئے کہا کہ صحافیوں کی بڑی تعداد میں شرکت پریس کلب کی جمہوری روایات کی مضبوطی کی علامت ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ نو منتخب قیادت ورکنگ جرنلسٹس کے مسائل، بالخصوص ان کی ملازمت کے تحفظ، میڈیا مالکان کے ذمہ واجب الادا تنخواہوں کی ادائیگی اور پیشہ ورانہ تربیت کے لیے اپنی بہترین صلاحیتیں بروئے کار لائے گی۔
انہوں نے زور دیا کہ آزادیِ اظہارِ رائے جمہوریت کی بنیاد ہے اور نیشنل پریس کلب نے ہمیشہ اس مقصد کے لیے ہراول دستے کا کردار ادا کیا ہے۔
گورنر نے خواتین کی نشستوں پر کامیاب ہونے والی نائب صدر سحرش قریشی اور جوائنٹ سیکرٹری شکیلہ جلیل کو خصوصی مبارکباد دیتے ہوئے ملکی صحافت میں خاتون صحافیوں کے بڑھتے ہوئے فعال کردار کو خوش آئند قرار دیا۔