
اسلام آباد: پاکستان میں ایران کے سفیر رضا امیری مقدم نے واضح کیا ہے کہ ایران کو غیر منطقی مطالبات ماننے پر مجبور نہیں کیا جا سکتا۔
اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی قوانین کی مسلسل خلاف ورزی، ایران کے خلاف ناکہ بندی اور جنگی جرائم کی دھمکیوں کے ذریعے دباؤ ڈال کر کسی بھی صورت ایران کو جھکایا نہیں جا سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے ہتھکنڈوں سے خطے میں کشیدگی کم ہونے کے بجائے مزید بڑھ سکتی ہے۔
ایرانی سفیر نے امریکا کی پالیسیوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ محض وقفے وقفے سے دلکش بیانات دے کر یہ تاثر دینا کہ سفارت کاری کا راستہ اپنایا جا رہا ہے، حقیقت کے برعکس ہے۔ انہوں نے کہا کہ عملی اقدامات کے بغیر بیانات کی کوئی حیثیت نہیں رہتی۔
ڈونلڈ ٹرمپ کے حالیہ بیان کا حوالہ دیتے ہوئے، جس میں امریکی ناکہ بندی کی خلاف ورزی پر ایرانی جہاز کو قبضے میں لینے کا دعویٰ کیا گیا، رضا امیری مقدم نے کہا کہ اس طرح کے اقدامات حالات کو مزید پیچیدہ بنا رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ جب تک ایران کے خلاف بحری ناکہ بندی برقرار رہے گی، اختلافات ختم ہونا ممکن نہیں اور خطے میں کشیدگی برقرار رہے گی