
سابق ٹکٹ ہولڈر پی پی 266 اور پاکستان مسلم لیگ (ن) پنجاب سوشل میڈیا ٹیم کے سربراہ سردار محمد صفدر خان لغاری انتقال کر گئے۔
خاندانی ذرائع کے مطابق سردار صفدر خان لغاری گزشتہ کچھ عرصے سے معدے کے عارضے میں مبتلا تھے اور علاج کی غرض سے لاہور کے ایک نجی اسپتال میں زیر علاج تھے۔ گزشتہ روز سرجری کے بعد ان کی طبیعت تشویشناک ہونے پر انہیں وینٹی لیٹر پر منتقل کیا گیا، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکے اور انتقال کر گئے۔
مرحوم رکن قومی اسمبلی سردار محمد اظہر خان لغاری کے صاحبزادے تھے اور جنوبی پنجاب کی سیاست میں ایک فعال اور نمایاں شخصیت کے طور پر جانے جاتے تھے۔ وہ پاکستان مسلم لیگ (ن) میں متحرک کردار ادا کرنے کے ساتھ پنجاب کی سوشل میڈیا ٹیم کے سربراہ کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دے رہے تھے۔
سردار صفدر خان لغاری کے انتقال کی خبر سامنے آنے کے بعد سیاسی، سماجی اور عوامی حلقوں میں گہرے دکھ اور افسوس کی لہر دوڑ گئی۔ مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں، کارکنان اور مختلف شخصیات نے ان کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی سیاسی اور سماجی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
تعزیتی پیغامات میں مرحوم کے درجات کی بلندی اور اہل خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا کی گئی ہے