
امریکی اخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان جاری مذاکرات پر اسرائیل انتہائی جارحانہ انداز میں جاسوسی کر رہا ہے، جس پر پنٹاگون نے سیکیورٹی خدشات کی سطح بلند کر دی ہے۔
رپورٹ کے مطابق اسرائیل مشرق وسطیٰ کے لیے امریکی صدر کے خصوصی مندوب اسٹیو وٹکوف اور دیگر امریکی مذاکرات کاروں کی گفتگو خفیہ طور پر سننے کی کوشش کر رہا ہے۔
امریکی اخبار نے بعض امریکی اہلکاروں کے حوالے سے بتایا کہ اگرچہ امریکا اور اسرائیل کے درمیان ایک دوسرے کی جاسوسی کوئی نئی بات نہیں اور اسے ایک حد تک برداشت بھی کیا جاتا ہے، تاہم امریکا ایران مذاکرات کے معاملے میں اسرائیلی نگرانی اور جاسوسی کی شدت معمول سے کہیں زیادہ ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے کی جانے والی یہ سرگرمیاں معمول کی انٹیلی جنس کارروائیوں سے بڑھ کر ہیں، جس کے باعث امریکی حکام میں تشویش پائی جا رہی ہے