گلگت بلتستان میں انتخابی معرکہ آج ہوگا

11

گلگت بلتستان اسمبلی کے 24 حلقوں میں آج پولنگ، 9 لاکھ 58 ہزار سے زائد ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے

گلگت بلتستان اسمبلی کی 24 نشستوں پر انتخابات آج منعقد ہو رہے ہیں، جہاں مجموعی طور پر 9 لاکھ 58 ہزار 480 رجسٹرڈ ووٹرز اپنے حقِ رائے دہی کا استعمال کریں گے۔

پولنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع ہو کر شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گا، جبکہ مختلف حلقوں میں انتخابی سامان کی ترسیل کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق گلگت بلتستان کے تمام اضلاع میں مجموعی طور پر 1391 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں، جن میں 488 کو نارمل، 349 کو حساس اور 551 کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔

انتخابات کے پرامن انعقاد کے لیے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ مقامی پولیس، گلگت بلتستان اسکاؤٹس اور پنجاب پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے، جبکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے مختلف حلقوں میں فلیگ مارچ بھی کیا گیا۔

گلگت بلتستان اسمبلی کے انتخابات میں مجموعی طور پر 403 امیدوار میدان میں ہیں، جن میں 396 مرد اور 8 خواتین امیدوار شامل ہیں۔

سیاسی جماعتوں میں پاکستان پیپلز پارٹی کے 23، مسلم لیگ (ن) کے 22، استحکام پاکستان پارٹی کے 15، پاکستان مسلم لیگ کے 11، جمعیت علمائے اسلام (ف) کے 9، مجلس وحدت المسلمین کے 7، جبکہ جماعت اسلامی اور ایم کیو ایم کے 6، 6 امیدوار انتخابی دوڑ میں شامل ہیں۔ اس کے علاوہ 266 آزاد امیدوار بھی مختلف حلقوں سے قسمت آزما رہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق پنجاب پولیس کے 10 ہزار اہلکار انتخابی ڈیوٹی کے لیے گلگت بلتستان بھجوائے گئے ہیں، جو انتخابی نتائج کے اعلان تک وہاں تعینات رہیں گے۔ علاوہ ازیں پنجاب پولیس کے 1400 اہلکار اسلام آباد بھی تعینات کیے گئے ہیں، کیونکہ اسلام آباد پولیس کی نفری آزاد کشمیر بھیجی گئی ہے

مزید خبریں

آپ کی راۓ