مظفر آباد میں پاک فوج کے ہیلی کاپٹر کو حادثہ تمام جوان شہید

7

مظفر آباد کے قریب پاکستان آرمی ایوی ایشن کا ایم آئی-17 ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار ہو گیا، جس کے نتیجے میں ہیلی کاپٹر میں سوار تمام اہلکار شہید ہو گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ایم آئی-17 ہیلی کاپٹر ٹیک آف کے دوران تکنیکی خرابی کے باعث گر کر تباہ ہوا۔ حادثے کے فوراً بعد ریسکیو اور ریکوری ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق حادثے کی اصل تکنیکی وجوہات جاننے کے لیے بورڈ آف انکوائری قائم کرنے کا حکم دے دیا گیا ہے۔

چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز نے حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کے لواحقین سے دلی تعزیت کی ہے۔ پاک فوج کے افسران اور جوانوں نے بھی شہداء کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے مظفر آباد کے قریب پیش آنے والے ہیلی کاپٹر حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہید اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا اور ان کے درجات کی بلندی اور اہل خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پوری قوم اپنے بہادر سپوتوں کی قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے بھی حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت اور ہمدردی کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ قوم اپنے شہداء کی عظیم قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی اور غم کی اس گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے

مزید خبریں

آپ کی راۓ