
واشنگٹن: امریکی صدر Donald Trump نے ایران کے خلاف مزید سخت فوجی کارروائیوں کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا آج رات ایران پر انتہائی طاقتور حملے کرے گا۔
سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ ایران کی بحری، فضائی اور دفاعی صلاحیتوں کو شدید نقصان پہنچ چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل قریب میں خارگ جزیرے سمیت ایران کے تیل کے اہم بنیادی ڈھانچے پر مکمل قبضہ کیا جائے گا اور تیل و گیس کی عالمی مارکیٹ میں امریکا کی اجارہ داری قائم ہوگی۔
صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایران کے ساتھ وہی کیا جائے گا جو وینزویلا کے ساتھ کیا گیا تھا، اور یہ اقدام امریکا اور وینزویلا دونوں کے لیے فائدہ مند ثابت ہوا ہے۔
دوسری جانب ایک امریکی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ امریکا اب بھی ایران کے ساتھ مذاکرات کر رہا ہے اور وہ ایران کے حوالے سے مایوس نہیں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ممکن ہے ایران کے ساتھ تاریخ کا سب سے بڑا معاہدہ طے پا جائے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایران کے ریڈار نظام، فضائی دفاعی تنصیبات اور بیشتر میزائل تباہ کر دیے گئے ہیں جبکہ ایران کے پاس صرف تقریباً 20 فیصد ہتھیار باقی رہ گئے ہیں۔ ٹرمپ نے کہا کہ وہ ایران کے خارگ جزیرے پر قبضے کو بہتر آپشن سمجھتے ہیں۔
امریکی صدر نے مزید کہا کہ وہ فوری طور پر ایران کے ساتھ معاہدہ کرنا چاہتے ہیں اور یہ تاریخ کی بہترین ڈیل ثابت ہوسکتی ہے۔ ان کے بقول ایران سفید جھنڈا لہرا کر شکست تسلیم کرسکتا ہے اور اعتراف کرسکتا ہے کہ وہ ناکام ہو گیا ہے۔
ٹرمپ نے کہا کہ امریکا ایک عظیم ملک ہے اور ایران واضح طور پر اپنی شکست کا اعتراف کر سکتا ہے، تاہم “جعلی میڈیا” پھر بھی ایران کو فاتح قرار دینے کی کوشش کرے گا