
اسلام آباد: جیو نیوز نے حساس مذہبی نوعیت کی ڈاکیومینٹری کے معاملے پر پیمرا کی کونسل آف کمپلینٹس کو آگاہ کیا ہے کہ ڈاکیومینٹری کی تیاری اور اس کے پریویو کے ذمہ دار افراد کو ملازمت سے برطرف کر دیا گیا ہے۔
پیمرا کی جانب سے جیو نیوز کی معطلی سے متعلق کونسل آف کمپلینٹس کے سامنے ہونے والی سماعت کے دوران جیو نیوز کی لائسنس ہولڈر کمپنی کی جانب سے سپریم کورٹ کے وکیل صائم ہاشمی نے انتظامیہ کی طرف سے غیر مشروط طور پر غلطی کا اعتراف کرتے ہوئے معذرت پیش کی۔
سماعت کے دوران جیو نیوز کی نمائندگی صائم ہاشمی ایڈووکیٹ اور ہائی کورٹ کے وکیل ارباز خان نے کی۔ انہوں نے کونسل کے سامنے متعلقہ دستاویزات بھی پیش کیں، جن کے مطابق فوری انکوائری کے بعد حساس ڈاکیومینٹری تیار کرنے کے ذمہ دار شخص اور اسے پریویو کرنے والی ایڈیٹوریل کمیٹی کے رکن کو ملازمت سے برطرف کر دیا گیا ہے۔
صائم ہاشمی نے کونسل کو بتایا کہ مستقبل میں اس نوعیت کی کسی بھی غلطی سے بچنے کے لیے جیو نیوز کی انتظامیہ نے ایک مستند عالمِ دین کو ایڈیٹوریل کمیٹی کا حصہ بنانے کا فیصلہ کیا ہے، جو حساس مذہبی مواد کا جائزہ لے کر نشریات سے قبل مناسب رہنمائی فراہم کریں گے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ جیو نیوز نے پیمرا کا نوٹیفکیشن جاری ہونے سے پہلے ہی متعلقہ ڈاکیومینٹری کی دوبارہ نشریات فوری طور پر روک دی تھیں، جبکہ اس مواد کو تمام ڈیجیٹل پلیٹ فارمز سے بھی ہٹا دیا گیا تھا