
راولپنڈی: پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) نے کہا ہے کہ افغان طالبان حکومت کی جانب سے بلوچستان میں سرحد پار ڈرون پروازیں کی گئیں، جنہیں پاکستان کے فضائی دفاعی نظام نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے مار گرایا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان نے مؤثر جوابی کارروائی کرتے ہوئے چاروں ڈرونز کو تباہ کر دیا، جبکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹنے کے لیے ملک کا فضائی دفاعی نیٹ ورک مکمل طور پر متحرک کر دیا گیا ہے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق افغان طالبان کے یہ اقدامات افغان عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش ہیں، تاہم پاکستان ہر قسم کی اشتعال انگیزی کا مناسب اور مؤثر جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔
آئی ایس پی آر نے افغان طالبان حکومت کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ وہ دہشت گرد عناصر کی سرپرستی ترک کرے اور پُرامن بقائے باہمی کے اصولوں پر عمل کرے۔ بیان میں کہا گیا کہ افغان طالبان کا غیرذمہ دارانہ طرزِ عمل نہ صرف خطے کے امن کے لیے نقصان دہ ہے بلکہ اس سے افغان عوام کی مشکلات میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اگر افغان طالبان نے پاکستان کے خلاف اشتعال انگیزی کا سلسلہ جاری رکھا تو انہیں ایسا مؤثر جواب دیا جائے گا جس کی بھاری قیمت چکانا پڑے گی۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ پاکستان کی مسلح افواج ہر وقت مکمل طور پر چوکس ہیں اور وطنِ عزیز کے ایک ایک انچ کے دفاع کے لیے ہمہ وقت پرعزم ہیں۔
آئی ایس پی آر نے واضح کیا کہ سرحد پار کسی بھی جارحیت کا آپریشن “غضبُ الحق” کے تحت فوری، فیصلہ کن اور بھرپور جواب دیا جاتا رہے گا