
بہاولپور: جیو قائد ٹیم پر گزشتہ رات ہونے والے حملے کے مقدمے کا اندراج کر لیا گیا ہے، جبکہ پولیس نے واقعے میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارنے کا سلسلہ تیز کر دیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق مقدمے میں نامزد ایک ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے، جبکہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں سرگرم ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے میں ملوث تمام افراد کو جلد قانون کی گرفت میں لایا جائے گا اور کسی کو بھی رعایت نہیں دی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق مقدمہ درج ہونے سے قبل بعض بااثر عناصر کی جانب سے ایف آئی آر کے اندراج کو روکنے کے لیے دباؤ ڈالنے کی کوشش کی گئی، تاہم پولیس نے تمام تر دباؤ کو مسترد کرتے ہوئے قانون کے مطابق کارروائی کی اور مقدمہ درج کر لیا۔
اس موقع پر جیو قائد ٹیم نے ڈی پی او بہاولپور اور ایس ایچ او تھانہ بغداد الجدید اور پی آر او کی پیشہ ورانہ ذمہ داری، غیر جانبدارانہ رویے اور قانون کی بالادستی کو یقینی بنانے پر انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔ ٹیم کا کہنا ہے کہ دونوں افسران نے مبینہ سفارشوں اور دباؤ کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے انصاف کے تقاضے پورے کیے، جو قابلِ ستائش اقدام ہے۔
پولیس کے مطابق واقعے کی تفتیش جاری ہے اور تمام شواہد کی روشنی میں قانونی کارروائی کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا