اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان سے ٹیلیفونک رابطہ کیا، جس میں بحیرۂ احمر میں سعودی آئل ٹینکرز پر حوثی ملیشیا کے حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کی مکمل یکجہتی کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ بحیرۂ احمر میں سعودی آئل ٹینکرز کو نشانہ بنانا ناقابلِ قبول ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے اقدامات بین الاقوامی قانون کی صریح خلاف ورزی ہیں اور جہاز رانی، عالمی تجارتی نقل و حمل، علاقائی امن، سلامتی اور استحکام کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔
شہباز شریف نے کہا، “میں، فیلڈ مارشل عاصم منیر اور پوری پاکستانی قوم اس نازک وقت میں سعودی قیادت اور برادر عوام کے ساتھ مضبوطی اور عزم کے ساتھ کھڑے ہیں۔”
انہوں نے مملکت سعودی عرب کی سلامتی، خودمختاری، علاقائی سالمیت اور خوشحالی کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا بھی اعادہ کیا۔
سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے پاکستان کی مستقل حمایت اور دونوں برادر ممالک کے درمیان قریبی تعلقات کو سراہا۔
وزیراعظم نے خادمِ حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان خطے میں امن، سلامتی اور استحکام کے فروغ کے لیے سعودی عرب اور عالمی برادری کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا، جبکہ بحیرۂ احمر، آبنائے ہرمز اور عالمی سمندری تجارتی راستوں کی بلا تعطل روانی یقینی بنانے کے لیے بھی قریبی تعاون برقرار رکھا جائے گا