
سلام آباد: اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے وفاقی وزیر احسن اقبال کے حق میں دائر ہتکِ عزت کا دعویٰ منظور کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر مراد سعید کو 25 لاکھ روپے ہرجانہ ادا کرنے کا حکم دے دیا۔
ایڈیشنل سیشن جج حاکم خان نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے قرار دیا کہ مراد سعید کی جانب سے احسن اقبال پر لگائے گئے کرپشن کے الزامات عدالت میں ثابت نہیں ہو سکے، لہٰذا یہ الزامات ہتکِ عزت کے زمرے میں آتے ہیں۔
عدالتی فیصلے کے مطابق مراد سعید نے 2019 میں ملتان۔سکھر موٹر وے منصوبے میں احسن اقبال پر 70 ارب روپے کرپشن، اختیارات کے ناجائز استعمال اور غیر قانونی کمیشن لینے کے الزامات عائد کیے تھے، تاہم ان دعوؤں کے حق میں کوئی ثبوت پیش نہیں کیا گیا۔
عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ احسن اقبال نے 10 ارب روپے ہرجانے کا دعویٰ دائر کیا تھا، تاہم پیش کیے گئے شواہد کی روشنی میں یہ رقم حد سے زیادہ قرار دی گئی اور 25 لاکھ روپے ہرجانے کا حکم دیا گیا۔
فیصلے میں مزید کہا گیا کہ مراد سعید کے متنازع بیان سے احسن اقبال کی ساکھ، عزت اور وقار متاثر ہوئے اور عوام میں ان کے بارے میں منفی تاثر پیدا ہوا۔ عدالت کے مطابق یہ الزامات احسن اقبال کی دیانت، کردار اور شہرت پر براہِ راست حملہ تھے، جبکہ مراد سعید نہ تو عدالت میں پیش ہوئے اور نہ ہی اپنے الزامات کے حق میں کوئی ثبوت فراہم کر سکے