
بہاولپور: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پنجاب اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر ملک ظہیر اقبال چنڑ کی رہائش گاہ پہنچ کر ان کے والد اور رکنِ قومی اسمبلی ملک محمد اقبال چنڑ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے مرحوم کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی، سوگوار خاندان سے تعزیت کی اور ان کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی۔یاد رہے سینئر سیاست دان مسلم لیگ ن کے پرانے ساتھی سابق صوبائی وزیر اور ایم این اے ملک اقبال چنڑ گزشتہ دن علالت کے بعد انتقال کر گئے تھے۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ مرحوم ملک محمد اقبال چنڑ نے رکنِ قومی اسمبلی کی حیثیت سے اپنے دور میں عوام کی فلاح و بہبود کے لیے گراں قدر خدمات انجام دیں، جنہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا