کیا آپ نے ابھی تک وزیراعظم ہاؤسنگ کےلئے قرض لیا؟

3

اسلام آباد: وزیراعظم اپنا گھر پروگرام کے تحت بینکوں کی جانب سے 220 ارب 68 کروڑ روپے سے زائد کے قرضے منظور کر لیے گئے ہیں جو تقسیم کے لیے تیار ہیں، جبکہ رواں سال جولائی تک 34 ارب 27 کروڑ روپے جاری کیے جا چکے ہیں۔

یہ تفصیلات وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت منعقدہ "فنانس تک رسائی” (Access to Finance) سے متعلق اسٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس میں سامنے آئیں، جس میں ‘وزیراعظم 2026-28 ایکسیس ٹو فنانس پلان’ پر عملدرآمد کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس کے دوران وزارت خزانہ کی جانب سے ایس ایم ایز (SMEs)، زراعت اور ہاؤسنگ فنانس کو فروغ دینے کے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر بینکوں سے مشاورت کے بعد ہول سیل فنانسنگ کے مجوزہ فریم ورک کو حتمی شکل دینے پر اتفاق کیا گیا، جبکہ وزیر خزانہ نے فنانسنگ سے متعلق ڈیش بورڈز کو باقاعدگی سے اپ ڈیٹ رکھنے کی ہدایت کی۔

زرعی اور ہاؤسنگ شعبے کے لیے اہم تجاویز

اجلاس میں کاشتکاروں تک قرضوں کی رسائی میں توسیع اور ادائیگی کے نظام کو مزید مؤثر بنانے پر زور دیا گیا۔ اس سلسلے میں کراپ لون انشورنس اسکیم کو "ایریا ییلڈ انشورنس” کی جانب منتقل کرنے کی تجویز پیش کی گئی۔ علاوہ ازیں، کم لاگت ہاؤسنگ فنانس کو آسان بنانے اور زمین و جائیداد کے ریکارڈ کو ڈیجیٹل کرنے کے اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔

1200 سے زائد الیکٹرک بائیکس کی فراہمی

کمیٹی کو ‘پاکستان ایکسیلیریٹڈ وہیکل الیکٹریفیکیشن پروگرام’ کے تحت بتایا گیا کہ اب تک 1200 سے زائد الیکٹرک بائیکس صارفین کو فراہم کی جا چکی ہیں۔ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ الیکٹرک گاڑیوں کی حوصلہ افزائی سے پٹرولیم مصنوعات کی درآمدی لاگت کم ہوگی، جس سے ملک کو زرمبادلہ کی بچت اور ماحول کو آلودگی سے پاک کرنے میں مدد ملے گی۔

کمیٹی نے ایکسیس ٹو فنانس پلان پر موثر اور بروقت عملدرآمد کے لیے وزارت خزانہ، اسٹیٹ بینک آف پاکستان، ایس ای سی پی (SECP) اور تمام بینکوں کے درمیان باہمی تعاون اور رابطے کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا۔

مزید خبریں

آپ کی راۓ