
امریکا ایران کشیدگی: عالمی منڈی میں خام تیل مہنگا، پاکستان میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مسلسل تیسرے دن بڑا اضافہ
اسلام آباد: امریکا اور ایران کے مابین بڑھتی ہوئی شدید کشیدگی کے اثرات عالمی اور ملکی معیشت پر نمایاں ہونا شروع ہو گئے۔ بین الاقوامی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں تیز ترین اضافے کے بعد پاکستان میں بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل تیسرے روز اضافہ کر دیا گیا۔
عالمی منڈی میں تناؤ کے باعث مربن خام تیل ساڑھے سات فیصد کے بڑے اضافے کے ساتھ 118 ڈالر فی بیرل کی سطح پر پہنچ گیا۔ اس کے علاوہ برینٹ خام تیل کی قیمت 3 ڈالر اضافے کے بعد 101 ڈالر فی بیرل جبکہ ڈبلیو ٹی آئی خام تیل 1 ڈالر اضافے سے 97 ڈالر فی بیرل میں فروخت ہو رہا ہے۔
عالمی بحران کا اثر فوری طور پر ملکی سطح پر بھی منتقل ہوا ہے، جہاں آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے 10 ستمبر کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا باقاعدہ نوٹی فکیشن جاری کر دیا۔ نوٹی فکیشن کے مطابق ملک میں پیٹرول کی قیمت میں 3 روپے 40 پیسے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 6 روپے 72 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے۔
اضافے کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 367 روپے 75 پیسے فی لیٹر اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 392 روپے 67 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق حکومت کی جانب سے گزشتہ 3 روز کے دوران پیٹرول کے نرخوں میں مجموعی طور پر 21 روپے 88 پیسے فی لیٹر، جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 14 روپے 62 پیسے فی لیٹر کا بھاری اضافہ کیا جا چکا ہے۔ مسلسل اضافے سے عوامی و کاروباری حلقوں میں مہنگائی کی نئی لہر کے خدشات گہرے ہو گئے ہیں۔