افواج پاکستان کا کشمیری عوام کیساتھ غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ

32

راولپنڈی: پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یومِ یکجہتیٔ کشمیر کے موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشانِ امتیاز (ملٹری)، ہلالِ جرأت، چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز؛ ایڈمرل نوید اشرف، نشانِ امتیاز، چیف آف نیول اسٹاف؛ اور ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو، نشانِ امتیاز (ملٹری)، چیف آف ایئر اسٹاف نے افواجِ پاکستان کی جانب سے بھارتی غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر کے مظلوم اور بہادر عوام کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ کیا ہے۔

آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق افواجِ پاکستان کشمیری عوام کی حقِ خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد کی مکمل حمایت جاری رکھیں گی۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارت کے زیرِ قبضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں مسلسل جاری ہیں، جن میں ماورائے عدالت قتل، جبری گمشدگیاں، بلاجواز گرفتاریاں اور علاقے کے آبادیاتی و سیاسی ڈھانچے کو تبدیل کرنے کی منظم کوششیں شامل ہیں، جو بین الاقوامی قوانین اور انسانی اقدار کی صریح خلاف ورزی ہیں۔

بیان میں اس امر پر زور دیا گیا کہ مسئلہ جموں و کشمیر کا منصفانہ، پُرامن اور دیرپا حل اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق ہی ممکن ہے، جو جنوبی ایشیا میں پائیدار امن اور استحکام کے لیے ناگزیر ہے۔

افواجِ پاکستان نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے اور کشمیری عوام کی مشکلات کم کرنے کے لیے ٹھوس اور بامعنی اقدامات کرے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق افواجِ پاکستان ملک کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے اپنے عزم پر ثابت قدم ہیں اور کشمیری بھائیوں اور بہنوں کی آزادی، وقار اور بنیادی حقوق کی جدوجہد میں ان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتی ہیں۔

پاکستان زندہ باد!

کشمیر زندہ باد!

مزید خبریں

آپ کی راۓ