
موسمِ بہار کے تہوار بسنت کو منانے کا ایک منفرد اور توجہ حاصل کرنے والا انداز لاہور میں دیکھنے میں آیا، جہاں ایک شخص نے اپنی پتنگوں پر پاکستانی اور غیر ملکی کرنسی نوٹ چسپاں کر کے انہیں فضا میں بلند کر دیا۔
جیو نیوز کی رپورٹ کے مطابق بسنت کے آخری روز بھی خوشیوں کا سلسلہ جاری رہا اور اندرونِ شہر کی ایک چھت پر ایک فیملی نے تہوار کو غیر معمولی انداز میں منایا۔ اس موقع پر پتنگوں پر 5 ہزار روپے کے پاکستانی نوٹوں کے علاوہ کینیڈین ڈالر، امریکی ڈالر اور درہم بھی لگائے گئے۔
رپورٹ کے مطابق عام طور پر 100 سے 200 روپے میں دستیاب پتنگیں، کرنسی نوٹ لگنے کے بعد ہزاروں روپے مالیت کی بن گئیں، جس نے دیکھنے والوں کی خاص توجہ حاصل کی۔
اس اقدام پر بات کرتے ہوئے فیملی کا کہنا تھا کہ وہ بسنت کو خوشی کے تہوار کے طور پر منا رہے ہیں اور چاہتے ہیں کہ ان کی پتنگ کٹنے کے بعد جہاں بھی جائے، وہاں کے لوگ ان نوٹوں سے اپنی کسی ضرورت کو پورا کر سکیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ بسنت کے موقع پر اس طرح کا انداز نہ صرف منفرد ہے بلکہ خوشی کو دوسروں کے ساتھ بانٹنے کی خوبصورت مثال بھی ہے