
کرکٹ کی دنیا کا سب سے بڑا مقابلہ کل کولمبو میں کھیلا جائے گا جہاں روایتی حریف پاکستان اور بھارت ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے اہم میچ میں مدِ مقابل ہوں گے۔
ہائی وولٹیج ٹاکرے کے لیے دونوں ٹیموں نے تیاریاں مکمل کر لی ہیں جبکہ پاکستانی ٹیم میں دو اہم تبدیلیوں کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ بیٹنگ لائن مضبوط بنانے کے لیے فخر زمان اور خواجہ نافع کو پلیئنگ الیون میں شامل کیے جانے کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق ممکنہ تبدیلیوں میں عثمان خان، محمد نواز، شاداب خان یا فہیم اشرف میں سے کسی ایک کو جگہ خالی کرنا پڑ سکتی ہے۔
متوقع پاکستانی اسکواڈ میں صائم ایوب، بابر اعظم، سلمان مرزا، سلمان علی آغا (کپتان)، شاداب خان، محمد نواز، صاحبزادہ فرحان، فہیم اشرف، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ اور ابرار احمد شامل ہیں۔
دوسری جانب بھارتی ٹیم میں ایشان کشن، سنجو سیمسن یا ابھیشیک شرما، سوریہ کمار یادو (کپتان)، تلک ورما، ہاردک پانڈیا، رنکو سنگھ، اکشر پٹیل، شیوم دوبے، ورُن چکراورتی، کلدیپ یادو اور جسپریت بمرا شامل ہیں۔
میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے چھ بجے شروع ہوگا، تاہم محکمہ موسمیات کی جانب سے بارش کی پیش گوئی نے شائقین کی تشویش میں اضافہ کر دیا ہے۔ کرکٹ مداحوں کو ایک سنسنی خیز مقابلے کا شدت سے انتظار ہے