
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ایران کو دی گئی ڈیڈ لائن میں دو ہفتے کی توسیع کی اپیل کرتے ہوئے خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے فوری سیز فائر پر زور دیا ہے۔
اپنے بیان (ایکس میں ٹیوٹ کرتے ہوئے ) میں وزیراعظم نے کہا کہ موجودہ صورتحال کے پیش نظر سفارتی کوششیں تیزی سے جاری ہیں اور تمام فریقین کو جنگ سے گریز کرتے ہوئے مذاکرات کا راستہ اختیار کرنا چاہیے۔ انہوں نے جذبہ خیرسگالی کے تحت ایران سے مطالبہ کیا کہ وہ دو ہفتوں کے لیے آبنائے ہرمز کو کھلا رکھے تاکہ عالمی سطح پر کشیدگی میں کمی لائی جا سکے۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ تمام متعلقہ فریقین کم از کم دو ہفتوں کے لیے جنگ بندی (سیز فائر) کریں اور اس دوران سفارتکاری کے ذریعے مسئلے کا پائیدار حل تلاش کیا جائے۔
دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی ایران کو دی گئی ڈیڈ لائن میں توسیع کا عندیہ دیا ہے۔ ایک امریکی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ثالثوں کے ذریعے ایران کے ساتھ بات چیت میں پیش رفت ہوئی ہے، جس کے باعث ختم ہونے والی ڈیڈ لائن میں توسیع پر غور کیا جا رہا ہے۔
عالمی مبصرین کے مطابق اگر ڈیڈ لائن میں توسیع اور سیز فائر پر پیش رفت ہوتی ہے تو خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کو کم کرنے میں مدد مل سکتی ہے